(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) شرپسند صیہونی آباد کاروں نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر ریاستی سرپرستی میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کی اور اشتعال انگیز نعرے بازی کی ۔
فلسطینی محکمہ اوقاف کی جانب سے جاری بیان میں شرپسندصیہونی آبادکاروں کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریاستی سرپرستی میں شرپسند یہودی آبادکاروں کے گروہوں کا مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر قبلہ اول کی بے حرمتی ناقابل قبول ہے ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز علیٰ الصبح درجنوں شرپسند یہودی آبادکاریہودی مذہبی پیشواء کے ہمراہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر صیہونی پولیس کے حفاظتی حصار میں باب رحمت دروازے سے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مسلمان عبادت گزاروں کو مسجد سے بے دخل کردیا ۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ شرپسند صیہونی آبادکاروں میں طلبہ طالبات ، مذہبی پیشواسمیت قابض ریاست اسرائیل کی خفیہ ایجنسی کے اہلکار بھی شامل تھے جنہوں نے قبلہ اول میں داخل ہوکر یہودی تلمودی مذہبی گیت گائے اور اسلام مخالف نعرے بازی کی ۔