(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسلام آباد میں فلسطینی سفیر سے ملاقات میں وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ عالمی امن کے لئے فلسطین میں امن کا قیام بے حد ضروری ہے ، پاکستان ہر حال میں فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے ۔
وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے پاکستان میں متعین فلسطینی سفیر احمد جواد ربیئی نے وزارت داخلہ کے دفتر میں ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی امور کے معاملات کو زیر غور لایا گیا-
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے لئے فلسطین میں امن کا قیام بے حد ضروری ہے، • پاکستان عالمی امن کے قیام میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان مسئلہ فلسطین کا پر امن حال کاخواہشمند ہے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر حال میں فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے انکا کہنا تھا کہ پاکستان دونوں ممالک کے باہمی امور کے لئے مکمل تعاون کیلئے تیار ہے ۔
فلسطینی سفیر احمد جواد ربیئی نے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے ملاقات میں مثبت جواب اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے سلسلے میں پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے ہے، کرتارپور راہداری سے پاکستان نے عالمی طور پر امن کا پیغام دیا ہےانکا مزید کہنا تھا کہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے پر امن حل کیلئے عالمی برادری کو آواز بلند کرنی چاہئے۔