(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی پارلیمنٹ کے اسپیکرکا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی ناک تلے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ مراسم کا قیام قومی جرم ہے جسے ہرصورت میں اور جلد از جلد بند ہونا چاہیے۔
فلسطینی پارلیمنٹ کے اسپیکر حسن خریشہ نےاتھارٹی کی سرکاری سرپرستی میں اسرائیلی ریاست کے ساتھ رابطوں کیلئے تحریک فتح کے رہ نما محمد المدنی کی سربراہی میں قائم کردہ ماتحت ‘رابطہ کمیٹی برائے اسرائیل’پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض صیہونی ریاست کے ساتھ دوستانہ مراسم قائم کرنے والی کمیٹی فلسطینی شہداء کے خون کے ساتھ غداری ہےکررہی ہے ، اسرائیل کے ساتھ دوستی کرنے والی کمیٹی کو قائم رکھنے کا کوئی جواز نہیں، اس کمیٹی کا قیام ہی قومی جرم ہے جس کو فوری طور پر ختم ہونا چاہئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ فلسطینی اتھارٹی کے روابط چاہے جس بھی نام اور دعوے کی آڑ میں قائم ہوں ان کا کوئی آئینی جواز نہیں اسرائیل کے ساتھ ہر قسم کے رابطے ناقابل قبول ہیں اس کمیٹی کے سربراہ اور اراکین کو فلسطینی قوم سے معافی مانگنا ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کی رابطہ کمیٹی ان صہیونی جنگی مجرموں کے ساتھ ہاتھ ملا رہی ہے جو فلسطینی قوم کے خلاف جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔ انہوں نے قضیہ فلسطین کو تباہ کردیا ہے۔ ایسے میں ان دوستانہ ملاقاتوں کو کیسے سند جواز مہیا کیا جا سکتا ہے۔