(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مارکرنے کے بعد 15 فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا اور فلسطینی کے ایک کارخانے سے مشینیں ضبط کرلیں ۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران روایتی لوٹ مار اور توڑپھوڑ کرتے ہوئے فلسطینی باشندوں اور گھر کے دیگر رہائیشوں کو تشدد کا نشانہ بنایا صیہونی فوج نے شمال مغربی رام اللہ میں دیر نظام کے مقام پر ایک کارروائی کے دوران فراس التمیمی نامی شہری کو حراست میں لے لیا، نابلس کے جنوبی علاقے زیتا جماعین میں اسرائیلی فوج نے ایک مسجد کے پیش امام جمعہ رمضان اور ایک دوسرے فلسطینی سفیان الحایک کو حراست میں لے لیا۔
بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے الکرکفہ کے مقام پر تلاشی کے دوران شادی علی محمد حساسنہ کو حراست میں لیا، عایدہ پناہ گزین کیمپ سے ایک سابق اسیر یاسین ابو سرور اور مصطفیٰ ابراہیم قنیص کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب جنوبی شہر الخلیل میں اسرائیلی فوج نے ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا اور اس میں موجود میشنر اور دیگر سامان ضبط کرلیا، درایں اثناء اسرائیلی فوج نے بیت لحم میں تین سابق اسیران سمیت 8 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ حزما قصبے اور دوسرے مقامات سے 50 سالہ سابق اسیر عیسیٰ عودہ الخطیب، 21 سالہ احمد وحید الخطیب، 25 سالہ محمد فوزی الخطیب، اس کے بھائی احمد، 17 سالہ محمد رشدی صلاح الدین، 15 سالہ فادی حامد الخطیب،ٍ8 سالہ محمود حسین الخطیب اور رامی صبیح الخطیب کو حراست میں لے لیا۔