(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) ایران نے غزہ اور دمشق میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز پر صیہونی فوج کی بمباری اور فلسطینی مزاحمت کار کو شہید کرنے کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی کو دہشتگردی قرار دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے ایک بیان میں غزہ اور دمشق میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز پر اسرائیلی فوج کی بمباری اور فلسطینی مزاحمت کار محمد الناعم کو شہید کرنے کے بعد اس کی لاش کی بے حرمتی کو دہشتگردی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی فوج ایک وحشی اور درندہ صفت فوج ہے جس کے ہاں انسانیت اور انسانی اصول واقدار نام کی کوئی چیز نہیں۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صہیونی ریاست کے جنگی مجرموں کا تعاقب کرنے اور فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کے ارتکاب پر اسرائیل کو عالمی سطح پر کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔
عباس موسوی نے اسرائیلی ریاست کے منظم اور وحشیانہ جرائم کے خلاف فلسطینی قوم کی صفوں اور عالم اسلام کی طرف سے ایک متفقہ موقف اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری دنیا میں برائی کی جڑ ہے۔