(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی حکام نے حالیہ کشیدگی کے باعث بغیر کسی پیشگی نوٹس کے غزہ کو غرب اردن سے ملانے والی گزر گاہ بیت حانون کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا ہے۔
غزہ میں بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ قابض صیہونی فوج نے اچانک اور کسی پیشگی نوٹس کے غزہ کو مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے غرب اردن سے ملانے والی گزرگاہ بیت حانون و دو طرفہ آمدو رفت کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کردیا ہے ۔
حکام نےبتایا کہ غزہ سے متعدد فلسطینی جو اپنے پیاروں سے ملنے غرب اردن جا رہے تھے ان کو سرحد سے واپس کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بیت حانون گذرگاہ غرب اردن اور غزہ کے درمیان آمد ورفت کا سب سے اہم راستہ ہے جہاں سے عام شہری اورکاروباری قافلے گذرتے ہیں، حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے بیت حانون گذرگاہ سے 10 ہزار تاجروں کوآمد ورفت کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔