(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) دورہ روس کے دوران حماس کے وفد کی روسی وزیرخارجہ سمیت دیگر اہم عہدیداران سے ملاقات ہوگی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مشرق وسطیٰ کے سنچری ڈیل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ آئندہ ہفتے حماس کے اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ روس کے دارالحکومت ماسکو کا دورہ کریں گے جہاں وہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف سمیت اہم عہدیداران سے سے امریکی صدر کی جانب سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبہ صدی کی ڈیل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کے اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔
واضح رہے کہ اسماعیل ھنیہ کا بیرون ملک دوروں کا سلسلہ جاری ہے، یہ دورے قابض صہیونی ریاست کے فلسطینی قوم کے خلاف جرائم کو بے نقاب کرنے اور فلسطینی قوم کے وسیع تر مفاد میں ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ھنیہ بیرون ملک دورے کے دوران عرب اور مسلمان ممالک کے علاوہ فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کرنے والے ممالک کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کررہے ہیں۔