(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ کے غریب اور مسحتق شہریوں کے لیے قطرکی طرف دی جانے والی نقد امداد آئندہ کے روز بنکوں اور ڈاک خانے کے ذریعے جاری کی جائے گی۔
غزہ میں فلسطینی اور قطری عہدیداروں نے بتایا کہ اس ماہ خلیجی ریاست قطر کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے ایک لاکھ 20 ہزار خاندانوں میں فی کنبہ ایک سو ڈالرکی نقد امداد تقسیم کی جائے گی۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ قطر کی طرف سے غزہ کے ایک لاکھ خاندانوں میں فی کنبہ ایک سو ڈالرکی امداد تقسیم کی گئی تھی۔قطری سفیر کا کہنا تھا کہ دوحا کی طرف سے غزہ کی پٹی کے محصورین کی مالی مدد کا مقصد غزہ کے عوام کی بہبود اور مالی بحران میں ان کی مدد کرنا ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں قطر کی طرف سےغزہ کی پٹی کے عوام کے لیے سال 2020ء کے دوران ماہانہ 12 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا تھا۔