(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست کی سرپرستی میں شرپسند یہودی مذہبی جنونیوں کا مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر قبلہ اول کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ روز درجنوں شرپسند یہودی مذہبی جنونیوں نے صیہونی پولیس اور فوج کے حفاظتی حصار میں مسجد اقصیٰ کے با ب رحمت سے داخل ہوتے ہوئے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے نام پر قبلہ اول کی بے حرمتی کی ۔
درجنوں شرپسند یہودی آبادکاروں میں یہودی طلباو طالبات ،مذہبی پیشواؤں سمیت اسرائیل کی خفیہ ایجنسی کے اہلکارشامل تھے جنہوں نے مسلمان عبادت گزاروں کو مسجد سے بے دخل کرکے اشتعال انگیز نعرے بازی اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کی ۔
شرپسند یہودی آباد کاروں کے دھاؤں پر خطیب و امام مسجد اقصیٰ الشیخ عکرمہ صبری کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کے حملوں کو قابض ریاست کی سرپرستی حاصل ہے ، اسرائیلی ریاست مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ سے بے دخل کرنے کیلئے مذہبی دہشتگردی کررہی ہے ۔