(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی کے نام پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران خواتین اور بچوں سمیت متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض صیہونی فو ج نے رام اللہ ، جنین اور الخلیل سمیت مقبوضہ بیت المقدس کے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی کے نام پر روایتی لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کے دوران مکینوں کوتشدد کا نشانہ بنایا جبکہ خواتین اور بچوں سمیت متعدد فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا ۔
مقبوضہ فلسطین میں قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کے مطابق قابض فوج نے شمالی رام اللہ میں بیرزیت قصبے میں تلاشی کےدوران احمد قعد، عسکرالبلد سے صلاح دویکات، جنوبی نابلس کے بیتا قصبے سے جبر حمائل اور جنوبی عورتا سے سابق اسیر معن عواد کو حراست میں لے لیا گیا۔
شمالی شہر جنین میں پناہ گزین کیمپ میں گھس کر اسرائیلی فوج نے کارروائی کی اور محمود السعدی، حمودی عصری، عزمی ایاد اور متعدد دیگر فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔قلقیلیہ کے شمالی قصبے عزون سے عبدالھادی شبیطہ، محمود غناوی اور سلفیت کے بنی حسان سے محمد محفوظ مرعی، رام اللہ میں الشرایط کالونی اور بیت امر سے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔الخلیل شہر میں تلاشی کےد وران سابق اسیر عیسیٰ علی عیسیٰ، عبداللہ عیسیٰ ابو ھاشم، محمد یوسف حسم علقم، مہدی ابراہیم ابو ماریہ، بیت کاحل سے معین الزھور کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈائون روز کا معمول ہے۔ اس وقت اسرائیل کی جیلوں میں 5700 فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں 230 بچے، 48 خواتین، 500 انتظامی قید، 1800 مریض پابند سلاسل ہیں۔