(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین کے تاریخی شہر الخلیل میں قابض صیہونی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ کرکے 17 سالہ نوجوان کو شہید کردیا۔
وزارت اطلاعات فلسطین کی جانب سے جاری بیان میں صیہونی فوج کی فائرنگ سے سترا سالہ فلسطینی بچے کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہےکہ اسرائیل فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی جس کی زد میں آکر سترا سالہ محمد حداد شہید ہوا ۔
مقامی ذرائع کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے تنازع فلسطین کے حل کیلئے پیش کردہ نام نہاد سازشی منصوبہ صدی کی ڈیل کے بعد سے فلسطین کے مختلف علاقوں میں صیہونی ریاست اور امریکا کے خلاف شدید احتجاج دیکھنے میں آرہا ہے ، گزشتہ روز بھی مقبوضہ بیت المقدس کے شہر الخلیل میں باب الزاویہ کے مقام پر فلسطینی نوجوانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، صیہونی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی جس کے نتیجےمیں سترا سالہ محمد حداد شہید ہوگیا ، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد حداد کو اسرائیلی اسنائپر نے نشانہ بنایا جس کی گولی اس کے دل میں لگی جو شہاد ت کا باعث بنی
واضح رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران دو فلسطینی نوجوانوں کوشہید اور درجنوں کو زخمی کردیا ہے ۔