(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عرب لیگ نے صدی کی ڈیل منصوبے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اس نام نہاد منصوبے پر عمل درآمد کےلیے امریکی انتظامیہ کےساتھ تعاون نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
مصرکے دارالحکومت قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے اپنے ہنگامی اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ کے پیش کردہ امن منصوبے پر غور کیااور اس کو فلسطینیوں کےلیےیکسر غیرمنصفانہ قراردیتے ہوئے مستردکردیا ۔
عرب لیگ کا کہنا ہے کہ مشرقی وسطیٰ کے امن کیلئے تیار کردہ امریکی نام نہاد امن منصوبہ درحقیقت اسرائیل کی توسیع پسندانہ عزائم کو تکمیل تک پہنچانے کا منصوبہ ہے جس میں فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے ۔
واضح رہے کہ منگل کے روز ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے گئے مشرقِ وسطی امن منصوبے میں ایک محدود فلسطینی ریاست اور مقبوضہ مغربی کنارے پر آباد بستیوں پر اسرائیلی خود مختاری تسلیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ عرب لیگ کا کہنا ہے کہ سنہ 2002ء میں عرب ممالک کی طرف سے پیش کردہ امن روڈ میپ ہی مشرق وسطیٰ کے تنازع کا مناسب حل ہے۔ امریکا سمیت عالمی طاقتوں کو اس امن پلان کو قبول کرنا ہوگا۔