(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی اتھارٹی کے اہم عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے پیش کردہ امن منصوبہ درحقیقت صیہونی دماغوں کا تیار کردہ ہے جس کا اعلان امریکی صدر کی زبان سے کرایا گیا ہے۔
فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری جنرل اور فلسطینی انتظامیہ کے مذاکراتی امور کے سربراہ صائب عريقات نے رام اللہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے امریکا کی جانب سے پیش کردہ نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ کسی بھی صورت امن منصوبہ کہلانے کا مستحق نہیں ہے، یہ صیہونی دماغوں کا تیار کردہ ایک خطرناک منصوبہ ہے جس کو امریکی صدر کے ذریعے دنیا تک پہنچایاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے مشیر خاص اور ان کے داماد جیرڈ کشنر نے مستقبل میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن اور مذاکرات کے تمام راستے بند کردیے ہیں، فلسطینی قوم کو طاقت اور اسلحے کے زور پر دبانا جنگی جرم ہوگا۔ فلسطینی قوم اور قیادت امریکی ‘ڈیل’ کا مقابلہ کرے گی۔صائب عریقات کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منصوبہ بین الاقوامی معاہدوں، عالمی قوانین، اوسلومعاہدے اور دیگر عالمی معاہدوں کو پامال کرنے کی کوشش ہے۔