(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سیاسی شعبے کےسربراہ نے نام نہاد امریکی امن منصوبے پر قابض صیہونی ریاست کے جرائم کے خلاف اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس منصوبے کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کیلئے آگے آئیں ۔
مقبوضہ فلسطین میں قابض صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے عالمی رہ نماؤ ں مختلف ممالک کے سربراہان، فرمانرواؤں، صدور، عرب ممالک اور عالم اسلام کی سربراہ قیادت کو تحریری پیغامات ارسال کیے ہیں جن میں ان سے امریکی صدر کے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبے ‘صدی کی ڈیل’ کو ناکام بنانے کے لیے فلسطینی قوم سے مدد کی اپیل کی گئی ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل، اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل یوسف بن احمد العثیمین، افریقی یونین کے سربراہ موسکی فکی اور دیگر رہ نمائوں کو مکتوبات ارسال کیے ہیں جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیل اور امریکا کے فلسطینیوں کے خلاف سازشی منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے مظلوم فلسطینی قوم کا ساتھ دیں۔
اسماعیل ھنیہ نے عالمی ، اسلامی اور عرب رہ نمائوں سے کہا ہے کہ اس وقت امریکی صدر ٹرمپ کے صدی کی ڈیل منصوبے کا بائیکاٹ وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے عالمی رہ نمائوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی قوم کے خلاف امریکا اور اسرائیل کے مکروہ منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے فلسطینیوں کی مدد کریں۔