اسرائیلی مطالبے پر امریکہ کی جانب سے مشرق وسطیٰ کیلئے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبہ صدی کی ڈیل کو ” دوبارہ سے منظر عام پر لایا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے اسرائیلی وزارت عظمیٰ کے امیدوار اور سابق اسرائیلی آرمی چیف بینی گینٹز امریکا کے دو روزہ دورے پر ہیں جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی حکام نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل جس کو فلسطینیوں سمیت اکثر عرب ممالک نے مسترد کردیا ہے اس کو لاگو کرنے کی کوششوں میں ہیں اور اس کیلئے اعلیٰ سطحی ملاقاتوں اور مشاورتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی ایماء پر امریکہ کیطرف سے پیش ہو کر ناکام ہو جانے والے "صدی کی ڈیل” نام نہاد امن منصوبے میں 4 شرائط کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں فلسطین کو اسرائیل کو ایک یہودی ملک تسلیم کرنا پڑے گا، غزہ کو اسلحے سے خالی کرنا ہو گا، حماس کو ہتھیار ڈالنا ہوں گے اور فلسطین کیطرف سے مقدس شہر مقبوضہ "قدس” کو اسرائیل کا دارالحکومت بھی ماننا ہو گا۔