(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ بیت المقدس کے میں شرپسند یہودی آبادکاروں نے ایک مسجد کو آتشگیر مواد استعمال کرتے ہوئے آگ لگا کر شہید کردیا ، جبکہ مسجد کی دیواروں پر اسلام مخالف نفرت انگیز نعرے بھی درج کئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ بیت المقد کے علاقے بیت الصفافہ میں قائم مسجد البدریہ پر شرپسند یہودی آبادکاروں کے ایک مسلح گروہ نے نماز فجر سے قبل آتشگیر مادہ استعمال کرتے ہوئے آگ لگادی جس کے نتیجے میں مسجد کا اندرونی حصہ، اس میں بچھائے گئے قالین اور الماریوں میں رکھے قرآن پاک اور دیگر اسلامی کتابیں جل کر راکھ ہوگئیں، جبکہ مسجد کی بیرونی دیواروں پر اسلام، عربوں اور مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز نسل پرستانہ نعرے بھی درج کئے ۔
یہودی آبادکاروں نے بلا خوف’تخریب کاری برائے یہود’ اور ‘کوری اور’ کے نعرے بھی درج کئے ، ‘کوری اور’ سے یہودی آبادکاروں کا اشارہ ایک یہودی کالونی کی طرف تھا جسے اسرائیلی حکومت نے خالی کرالیا تھا۔
واضح رہے کہ مقبوضۃ فلسطین میں کسی مسجد پریہودی شرپسندوں کے حملے کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس نوعیت کے نسل پرستانہ واقعات اور اسلام دشمنی پرمبنی جرائم اب روز کا معمول بن چکے ہیں مقبوضہ فلسطین میں مسلمانوں اور عیسائیوں کی عبادت گاہوں پر یہودی شرپسندوں کے منظم ہتھکنڈوں کو باقاعدہ اسرائیلی ریاستی حمایت حاصل ہے۔