(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے بیت المقدس کے تحفظ کی مہم چلانے والی فلسطینی سماجی کارکن مدلین عیسی ٰ کو فلسطینی قوم کیلئے ان کی خدمات سے روکنے کیلئے بیت المقدس سے بے دخل کرتے ہوئے ان کو تین ماہ کیلئے مقبوضہ بیت المقدس سے شہر بدر کرنے کے احکامات جاری کیئے ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہر کفر قاسم کی رہائشی 27 سالہ فلسطینی سماجی کارکن مدلین عیسیٰ نے بتایا کہ گزشتہ روز انھیں کفر قاسم کے پولیس اسٹیشن میں تفتیش کیلئے بلایا گیا ، تین گھنٹے کے طویل انتظار کے بعد صیہونی پولیس نے انتہائی غیر مہذب انداز میں تفتیش کے نام پر دھمکیاں دیتے ہوئے تین ماہ کیلئے مقبوضہ بیت المقدس سے نکل جانے کا حکم دیا ۔
مسجد اقصیٰ کے ڈائریکٹر قاضی عیسیٰ نے مدلین عیسیٰ کو شہر بدرکرنے کے اسرائیلی حکم نامے پر اپنا تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب بھی یہودیوں کا کوئی تہوار آنے والا ہوتا ہے تو یہ فلسطینی باشندوں کو بلا جواز شہر سے بے دخل کرتے ہیں جو قابل مذمت ہے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مدلین عیسیٰ سمیت دیگر تین فلسطینی خواتین کو صیہونی فوج نے انتظامی حراست کے قانون کے تحت دوماہ تک قید رکھا تھا جبکہ ان پر مسجد اقصیٰ میں داخلے پر بھی کئی بار پابندی عائد کی جاچکی ہے ۔