(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عالمی ادارہ بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے اسرائیل پر دبائو ڈالے اور فلسطینی علاقوں میں عاید کردہ پابندیاں ختم کی جائیں۔
نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوان متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس اور دیگر سینیر عہدیداروں کے سامنے فلسطین میں تازہ انسانی صورت حال کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ کی پٹی، غرب اردن اور القدس کے فلسطینیوں پر عاید کردہ پابندیاں بلا جواز ہیں۔
ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے قابض صیہونی ریاست کی طرف سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر عاید کردہ اقتصادی پابندیوں کو بلا جواز اور ناروا قراردیتےہوئے انہیں فوری اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پرعاید کردہ پابندیوں سے لاکھوں فلسطینی مشکلات کا شکار ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جب تک فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان سیاسی تنازعات کا حل نہیں نکالا جاتا اس وقت تک عالمی برادری کو فلسطینیوں کی تمام شعبوں میں مدد کرنا ہوگی۔اقوام متحدہ کے عہدیدار نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ فلسطینی اراضی میں اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ عالمی ادارہ بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے اسرائیل پر دبائو ڈالے اور فلسطینی علاقوں میں عاید کردہ پابندیاں ختم کی جائیں۔