بیروت : (روز نامہ قدس نیوز ایجنسی) فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما عبد و ہادی نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کی تحریک میں عالم اسلام کے عظیم مجاہدین بشمول لبنانی حزب اللہ کے کمانڈر شہید عماد مغنیہ اور عالم اسلام کے عظیم مجاہد شہید قاسم سلیمانی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ دنوں بیروت میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ یہ عماد مغنیہ اور قاسم سلیمانی ہی تھے کہ جو ہمیشہ زمینی خفیہ راستوں سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں آ کر حماس کی مدد کرنے میں پیش پیش رہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے تین سو ساٹھ کلو میٹر علاقہ میں زیر زمین سرنگوں کو بنانے کا کام سب سے پہلے لبنان کی حزب اللہ کے کمانڈر عماد مغنیہ نے شروع کیا جس کو وسعت دینے میں دوسرے اہم کردار کا نام شہید قاسم سلیمانی ہے۔
فلسطینی جماعت حماس کے رہنما نے مزید کہا کہ عماد مغنیہ ہوں یا قاسم سلیمانی یہ دنوں ہی مستقل طور پر غزہ کی پٹی میں اپنی فلسطینی مجاہد بھائیوں کی ہمراہ ہوتے تھے اور ہمیشہ صہیونی دشمن کو شکست دینے میں دونوں مجاہدین اسلام کا کردار بے مثال رہا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی فلسطین کی تاریخ میں عماد مغنیہ اور قاسم سلیمانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
عبد وہادی نے فلسطین کی تحریک آزادی کی سرگرمیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلسطین میں اسرائیل کے خلاف جاری جدوجہد میں عماد مغنیہ اور قاسم سلیمانی کو اس لئے بھی اہمیت حاصل ہے کہ انہوں نے فلسطینیوں کو اسرائیل سے مقابلہ کے لئے کور نیٹ میزائل اور دیگر اسلحہ کی مدد فراہم کی جس کی بدولت غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کو متعدد موقعوں پر فلسطینی مزاحمت کے ہاتھوں شکست اٹھانا پڑی۔
انہوں نے کہا کہ قاسم سلیمانی اور عماد مغنیہ کا غزہ میں اسرائیل کو شکست سے دو چار کرنے میں اہم کردار رہا ہے جس پر پوری فلسطینی قوم اور فلسطین کی مزاحمتی تحریکیں عماد مغنیہ اور قاسم سلیمانی کو اپنا قائد اور ہیرو مانتی ہیں۔
واضح رہے کہ لبنان کی حزب اللہ کے اعلی سطح کے کمانڈر اور سنہ ۲۰۰۶ میں حزب اللہ اور اسرائیل کے مابین ہونے والی جنگ کے فاتح عمادُمغنیہ کو ۱۲ فروری سنہ ۲۰۰۸ میں عالمی دہشت گرد امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد نے شام میں ان کی گاڑی کو میزائلوں کا نشانہ بناتے ہوئے شہید کر دیا تھا جبکہ القدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کو امریکی شیطان نے تین جنوری سنہ ۲۰۲۰ میں بغداد ائیرپورٹ سے نکلتے وقت دہشت گردانہ بزدلانہ حملہ میں ابو مہدی مہندس کے ہمراہ شہید کر دیا تھا۔