(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آبادکاروں کیلئےدو ہزار نئےرہائشی یونٹس کی منظوری دی ہے جس پر آئندہ ہفتے میں عمل درآمد کیا جائے گا۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار ‘ہارٹز’ نے اپنی رپورٹ انکشاف کیا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کی شدید مذمت کے باوجود صیہونی سول ایڈمنسٹریشن کی طرف غیر قانونی یہودی آباد کاروں کے لیے دو ہزار نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے جس پر آئندہ چند روز میں عمل درآمد کیا جائےگا۔
واضح رہےکہ حال ہی میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا تھا کہ وہ عنقریب غرب اردن اور القدس میں یہودی آباد کاروں کے لیے تین ہزار گھروں کی تعمیر کی منظوری دیں گے۔
نیتن یاھو نےامریکی حکومت کی آشیر باد سے مقبوضہ مغربی کنارے اور وادی اردن کو صہیونی ریاست میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر عرب ممالک سمیت عالمی برادری نے شدید تنقید کرتے ہوئے اس کو عالمی قوانین کے خلاف قرار دیا تھا ۔