(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکی وزیرخارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور جنگی جرائم کی تحقیقات کے حوالے سے عالمی فوج داری عدالت کے اعلان کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف عالمی عدالت کی تحقیقات ناقابل قبول ہیں۔
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اسرائیلی جرائم کی تحقیقات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو عالمی عدالت کے اس فیصلے پر سخت تشویش ہے، امریکا عالمی فوج داری عدالت کے اس اعلان کو مسترد کرتاہے ، اسرائیل کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کے لیے یہ ایک غیرمنصفانہ طریقہ ہے کہ تل ابیب کے خلاف مقدمات قائم کیے جائیں اور اسرائیل کو جنگی جرائم کے مقدمات میں گھیسٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین ایک خود مختار ریاست کا درجہ نہیں رکھتا اس کی بناء پر فلسطین کو عالمی فوج داری عدالت میں اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کی سفارش کرنے کا حق بھی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ جمعہ کوعالمی فوج داری عدالت کی پراسیکیوٹر مسز فائو تو پینسوڈا نے کہا تھا کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کی درخواست پر اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کی تیاری کررہے ہیں اور ہم جلد ہی اس حوالے سے تحقیقات شروع کریں گے جس کے لیے عدالت کے ججوں سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔