(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے پر مختلف چھاپہ مار کارروائیوں میں بچوں سمیت کم سے کم 22 فلسطینیوں کو اغواء کرلیا ، جھڑپوں میں متعدد زخمی بھی ہوئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شہر الخلیل میں قلقیلہ اور بیت لحم میں دھیشش پناہ گزین کیمپ میں چھاپہ مارکارروائیاں کی ، فلسطینیوں کے گھروں میں لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے بچوں سمیت کم سے کم 22 فلسطینیوں کو اغواء کرلیا ۔
صیہونی فوج کی جانب سے چادر اور چاردیواری کے تقدس کی پامالی پر مشتعل نوجوانوں نے صیہونی فوج پر پتھراؤ کیا اور ٹائر جلا کر راستے بند کردیئے جس کے ردعمل میں اسرائیلی فوج نے آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں چلائیں جس سے متعدد فلسطینی بے ہوش اور زخمی ہوگئے ۔
اسرائیلی فوج نے سلوان ضلع کے قصبے راس العمود میں ایک گھر پر چھاپہ مارکر شہید فراس ابو نعب کے گھر سے ان کے والد اور چاروں بھائیوں کو اغواء کیا ،
نابلس شہر سے 9 فلسطینیوں کو اغواء کیا گیا ، جبکہ مقبوضہ بیت المقدس کے دیگر مختلف علاقوں سے8 دیگر فلسطینیوں کو اغواء کیا گیا جس میں 4 بچے بھی شامل ہیں ۔