(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ بیت المقدس میں اسلامی مزاحتمی تحریک حماس کے مقامی رہنما کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج ہماری ہمت کو توڑنے کیلئے ہر طرح کے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے لیکن ہم آزادی کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں حماس کے رہنما جمال الطویل نے اپنی صاحبزادی کی گرفتار ی پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کی جدوجہد میں ہم اپنی زندگیاں تو صرف کررہے ہیں لیکن ہمارے جگر کے ٹکڑے بھی اس جدوجہد میں ہمارے ساتھ ہیں ، انھوں نے کہا کہ صیہونی جیل سے رہا ہونے کے ایک ہفتے بعد ان کی بیٹی کو گرفتارکرنے کا مقصد ان کی ہمت کو توڑنا ہے ۔
انھوں نے اسرائیلی فوج کے غیر انسانی رویوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی بیٹی کے ساتھ صیہونی فوج کے تشدد پر دل افسردہ ضرور ہے لیکن ہم مایوس نہیں ہیں اور نہ صیہونی ریاست کے ان مظالم پر ہم اپنی جدوجہد ترک کریں گے ۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم ہی مایوس نا امید اور ہمت کو چھوڑ دیں گے تو ہمارے عوام مایوس ہو جائیں گے اور ہمیں ان کو مایوس نہیں ہونے دینا ہے ۔