(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے جوہری طاقت کے حصول کی کوشش کی تو اس کے خلاف فوجی طاقت کو استعمال کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
گزشتہ روز اپنے ایک جاری بیان میں اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے دھمکی دی ہے کہ ایران کو کسی قیمت پر جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے اگرایران نے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال کیا جائے گا ضرورت پڑی تو ایران کے خلاف فوجی کارروائی بھی کریں گے
صہیونی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی مظاہرین کو بے دریغ نظام کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے تاہم اسرائیل ایران کے نہتے مظاہرین کی طرح بے بس نہیں ہے اسرائیل کے پاس ایران کو روکنے کے لیے طاقت ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ایران کو اسرائیلی ریاست کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات ختم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے جوہری معاہدے کی شرائط سے دست برداری کے تیسرے مرحلے کے بعد تہران کے ساتھ بات چیت کا کوئی جواز نہیں۔