مقبوضہ بیت المقدس کے بطریق راسخ العقیدہ یونانی آرچ بشپ برائے سی باستیا عطااللہ حنا نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیلی قابض انتظامیہ مسیحوں کے مقامات مقدسہ کو بھی معاف نہیں کرے گی-
گزشتہ روز جاری کئے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اتوار کے روز مسجد اقصی میں جو کچھ ہوا وہ مقبوضہ بیت المقدس کے لئے باالعموم اور مسجد اقصی کے لئے بالخصوص سنگین خطرے کی علامت ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل قابض انتظامیہ مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق نہایت خطرناک منصوبہ تشکیل دے رہی ہے- انہوں نے کہا کہ ہم مقبوضہ بیت المقدس کے مسیحی فلسطینی اس صورتحال پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے اور نہ ہی یہ ہوسکتا ہے کہ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہیں- انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ کی نسلی منافرت سے کوئی محفوظ نہیں- آج مسجد اقصی کی بے حرمتی کی گئی تو کل سیپولچر مقدس (مسیحیوں کی عبادت گاہ) کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے- آرچ بشپ نے فلسطینی بھائیوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس اقوام کی سخت مذمت کرتے ہیں-