(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سربراہ مختلف ممالک کےاہم دوروں کیلئے گزشتہ روز مصر پہنچ گئے جہاں وہ اعلیٰ مصری عہدیداروں سے ملاقات کے بعد دیگر ممالک کے دوروں پر روانہ ہوں گے۔
مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز "حماس” کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ مختلف ممالک کے دورے کے سلسلے میں رافح سرحد کے ذریعے غزہ سے مصر پہنچے جہاں انھوں نےمصری اعلیٰ حکام سےملاقاتیں کیں۔
ترجمان کے مطابق اسماعیل ھنیہ مصری حکام سے ملاقات کے بعد قطر ، ترکی اور روس کا دورہ کریں گے جہاں وہ قضیہ فلسطین کے اہم امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز اسلامی جہاد کا ایک وفد قاہرہ پہنچا ہے جہاں دونوں وفود مصری حکومت سے فلسطینی دھڑوں میں مصالحت اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کو مستحکم کرنے پر بھی بات چیت کریں گے۔
خیال رہےکہ فلسطینی تنظیموں کی طرف سے یہ وفود ایک ایسے وقت میں قاہرہ پہنچے ہیں جب دو ہفتے قبل اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر تین دن تک مسلسل جارحیت مسلط کی تھی تاہم مصر کی مداخلت سے اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ غزہ میں کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیلی فوج نے ایک فضائی حملے میں اسلامی جہاد کے ایک مقامی کمانڈر بہاء ابو العطاء کوبمباری کرکے اس کی اہلیہ سمیت قتل کردیا تھا۔ اسی روز اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک فضائی حملے میں اسلامی جہاد کے دوسرے رہ نما اکرم العجوری کو بھی ہلاک کردیا تھا۔ تین دن تک غزہ کی پٹی پر جاری رہنے والے اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں تین درجن فلسطینی شہید اور ایک سو سے زاید زخمی ہوگئے تھے۔