(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قبلہ اول کی بےحرمتی ، فلسطینیوں کے گھروں املاک پر حملے اور اسلام مخالف اقدامات کے خلاف فلسطینیوں کی جانب سے نکالی جانے ولی پر امن ریلی پر اسرائیلی فوج کا تشدد، فائرنگ سے متعدد زخمی جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ سے درجنوں فلسطینی بے ہوش ہوگئے ۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں صوریف کے مقام پر فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی یہودی آباد کاری ، مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور فلسطینیوں کے گھروں املاک پر حملوں کے خلاف جلوس نکالا، پر امن ریلیوں پر صہیونی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین اور ان کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو بھی براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا اور ان پرآنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی اور بے ہوش ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے مظاہرین پراندھا دھند آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ان پر گولیاں برسائیں جس کھے نتیجے میں درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔دوسری جانب فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے صوریف کے مقام پر عصیون یہودی کالونی کے بالمقابل القرینات قصبے میں فلسطینی اراضی پربا جماعت نماز ادا کی۔ قابض فوج نے اس جگہ پرقبضے کے نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔ادھر مغربی نابلس میں کفر قدوم کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے یہودی آباد کاری کے خلاف فلسطینی جلوس پر آنسوگیس اور (ساؤنڈ بم )صوتی بم استعمال کیے۔