(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے گھرگھر تلاشی کے دوران 5 بچوں سمیت کم از کم 30 فلسطینی باشندوں کو گرفتارکرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ہے، گرفتارافراد میں حالیہ رہا ہونے والے اسیران بھی شامل۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق قابض صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں چادر اور چاردیوار ی کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھرو ں میں گھس کر تلاشی کے نام پر توڑ پھوڑ اور لوٹ مارکرنے کے بعد متعدد فلسطینی باشندوں کو گرفتارکرلیا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں سے حراست میں لئے گئے فلسطینی اسرائیلی فوج کو مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھےدوسری جانب بیت المقدس میں بھی تلاشی کی مہم کے دوران پندرہ فلسطینیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی گئی ہے۔
غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں تلاشی کے دوران دیر نظام سے پانچ بچوں عبدالرحمان، محمد صالح، عرفان تمیمی، زبیر جبیر اور رامز محمد عبدالرحمان تمیمی کو حراست میں لیا گیا۔
جنوبی شہر الخلیل سے دو بچوں یوسف اشرف جوابرہ اورسلیم مازن جوابرہ کو حراست میں لیا گیا جبکہ العروب کیمپ سے بہاء کمال جوابرہ نامی ایک فلسطینی نوجوان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
مشرقی رام اللہ میں سلواد کے مقام پر تلاشی کے دوران سلیمان ابو صآلحہ اور اور نابلس سے مجد عبدالکریم عازم کو حراست میں لے لیا گیا۔جنین کے شمال میں قائم جنین کیمپ سے محمد اور صالح ابو زینہ نامی دو حقیقی بھائیوں اور حسام الغول نامی شہری کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ادھر بیت المقدس میں العیسویہ کے مقام سے پندرہ فلسطینیوں کی گرفتاری کی اطلاعات ہیں جب کہ 7 فلسطینیوں کو حراستی مراکز میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں 5700 فلسطینی شہری پابند سلاسل ہیں۔ ان میں 230 بچے، 48 خواتین اور بغیر کسی الزام کے انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل فلسطینیوں کی تعداد 500 ہے۔ 1800 فلسطینی قیدی مختلف بیماریوں کا شکار ہیں جن میں سے 700 کو فوری طبی معاونت کی ضرورت ہے۔