(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) جامعہ الازہر نے غزہ پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو لگام ڈالنے اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی جرائم کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
مصر میں عالم اسلام کے معروف ادارے جامعہ الازہر کے ترجمان نے اپنے بیان میں فلسطینی کے محصور شہر غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ تین دنوں سے جاری اسرائیلی دہشتگردی میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 32 نہتے فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام کے خلاف مرتکب جرائم روز بروز اس خونی چہرے کو بے نقاب کر رہے ہیں جو انسانیت کو نشانہ بنا رہا ہے اور ہر خشک و تر کو روند ڈالنے میں مصروف ہے۔
مصری ادارے نے باور کرایا کہ یہ کارستانیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ عالمی برادری اور متعلقہ ادارے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کو رکوانے کے لیے انسانی موقف اپنائیں۔
الازہر فاؤنڈیشن نے عرب اور اسلامی ممالک کے علاوہ دنیا کے تمام منصفین اور دانش وروں سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور ان کی مزاحمت کو سپورٹ کریں۔