(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم جہادِ اسلامی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر غزہ اسرائیل میں راکٹ حملے کیئے گئے تو اسرائیل سخت ردعمل کا مظاہرہ کرے گا۔
گزشتہ روز اسرائیلی کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے صیہونی وزیراعظم نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم "جہاد اسلامی” کو مخاطب کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر اسرائیل پر راکٹ حملے کئےگئے تو اسرائیل کا ردعمل پہلے سے زیادہ بے رحم اور خطرناک ہوگا۔
منگل کو علی الصبح صیہونی فضائیہ نے غزہ میں "جہاد اسلامی” کے کمانڈر ابو العطا کے گھر پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں کمانڈر اپنی اہلیہ سمیت شہید ہوگئے تھے، گزشتہ تین روز سے جاری اسرائیلی دہشتگردی میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 36 فلسطینی شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں ۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں انتہائی قدامت پسند اسرائیلی وزیر دفاع نفتالی بینٹ کی تعیناتی کے بعد سے نہ صرف غزہ پر فضائی حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے بلکہ فلسطینی جہادی تنظیم کے کمانڈرز کو شام میں بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔