(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)قابض ریاست اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم سب کے سامنے ہیں لیکن اقوام متحدہ سمیت دنیا کی ہر تنظیم ادارہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ، صیہونی حکام نے لاکھوں فلسطینیوں کو گھروں سے بے گھر کردیا ہے اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔
قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں ابو النور بدوی میں فلسطینی مکان مسمار کر دیا۔کمیونٹی کے سربراہ ابو عماد الجھالین نے کہا کہ صہیونی فوجیوں نے فلسطینی شہری یاسر السیالہ کے ملکیتی مکان کو غیر قانونی ہونے کا بہانہ بنا کر مسمار کر دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے زرعی زمین کو بھی ضبط کر لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 4 ماہ میں صیہونی فوج نے 500 سے زائد فلسطینیوں کے گھروں کو غیر قانونی تعمیرات کا الزام لگا کر بے گھر کردیا ہے جبکہ ہزاروں ایکڑزمین کو بھی یہودی بستیوں کی تعمیر کیلئے ضبط کرلیا ہے ۔