(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے رہنما کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں، صورتحال میں بہتری نہیں لائی گئی تو غزہ کے شہری کسی بھی لمحے قابض ریاست کے سامنے پھٹ پڑیں گے۔
اسلامی مزاحمت تحریک حماس کے غزہ کے سربراہ یحییٰ السنوار نے گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی رہنماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے ایک تقریب سے خطاب میں خبردار کیا ہے کہ غزہ کی صورتحال بد سے بد تر ہوتی جارہی ہے، اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی طور پر گزشتہ 13 سالوں سے جاری ناکہ بندی نے صورتحال کو تشویشناک حد تک خراب کردیا ہے، اگر اس صورتحال میں بہتری نہیں لائی گئی تو کسی بھی بڑے واقع کے لئے تیار ہوجانا چاہئے۔ انکا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف غزہ کے شہری کسی بھی وقت قابض ریاست کے خلاف پھٹ پڑیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کو برداشت نہیں کریں گے اور مزید صبر نہیں کریں گے۔”غزہ میں اسرائیل کی غیر قانونی ناکہ بندی اور عائد پابندیوں نے انسانی المیہ کو جنم دیا ہے جو زندگی کے تمام شعبوں کو بری طرح متاثر کررہا ہے لہذا ، ہم نے فیصلہ کیا کہ اگر یہ بحران برقرار رہا تو اس کے نتیجے میں ہونے والے اقدامات کا ذمہ دار اسرائیل ہوگا ۔