(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاست نے فلسطین کے علاقے غزہ سے فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے میزائل داغے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض فوج نے کہا ہے کہ گزشتہ روز فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ سے یہودی کالونیوں پر متعدد میزائل داغے تاہم ان میں سے بعض کو فضاء ہی میں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔
عبرانی اخبار کے مطابق غزہ سے فلسطینی مزاحمت کاروں نے 10 میزائل داغے، یہ میزائل سرحدی یہودی کالونی سدیروت پر فائر کیے گئے تھےتاہم اسرائیلی فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم سسٹم نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں نے چند منٹ کے اندر اندر اسرائیل پر 7 میزائل داغے جنہیں آئرن ڈوم سسٹم کے ذریعے فضاء میں روک دیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے چار میزائلوں کو تباہ کرنے کی تصدیق کی جبکہ دیگر سات سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی جس کا مقصد ہے کہ جدید ترین فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں کو روکنے میں پوری طرح کامیابی حاصل نہیں کرسکا ہے ۔