(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) شرپسند یہودی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری، مسلمان عبادت گزاروں کو بے دخل کرتے ہوئے درجنوں یہودی آبادکارریاستی سرپرستی میں قبلہ اول میں گھس گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز فلسطین پر قابض صیہونی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں درجنوں یہودی آباد کاروں نے قبلہ اول میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
شرپسند یہودی آباد کار گروپوں کی شکل میں تین مختلف مقامات سے قبلہ اول میں داخل ہوئےجہاں ان کو پولیس اور فوج کا مکمل تحفظ حاصل تھا۔
مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے والوں میں شرپسند یہودی آباد کاروں کے ہمراہ اسرائیلی اسپیشل فورسز کے اہلکار وں سمیت حکومتی شخصیات بھی شامل تھے جو سنہ 1967ء سے زیرقبضہ مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوتے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے رہے۔خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے منظم دھاووں کا سلسلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ یہودی انتہا پسند گروپ ہیکل سلیمانی کے مزعومہ دعوے کی آڑ میں مراکشی دوازے سے مسجد اقصیٰ میں جاتے اور باب السلسلہ سے واپس جاتے ہیں۔