(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سربراہ اسمٰعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ صہیونی دشمن سوچے سمجھے منصوبے کے تحت القدس کے تاریخی مقامات اور آثار کو مٹانے کی سازش کررہا ہے کہ مگر دشمن کی یہ تمام چالیں بری طرح ناکام ہوں گی۔
فلسطین پرقابض صیہونی ریاست کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے الاقصیٰ ٹی وی چینل پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کی جماعت اور پوری فلسطینی قوم قبلہ اول اور القدس کو یہودیانے کی تمام سازشوں کا مردانہ وار مقابلہ کرے گی اور مقدس مقامات کے خلاف ہونے والی ہرسازش کو ناکام بنائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں پوری ذمہ داری اور وثوق سے کہتا ہوں کہ قبلہ اول کے خلاف صہیونی دشمن کی چالیں اور ریشہ دوانیاں بری طرح ناکام ہوں گی، ہم مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
قبلہ اول کے دفاع کے لیے اپنا خون اور جانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ صہیونی دشمن سوچے سمجھے منصوبے کے تحت القدس کے تاریخی مقامات اور آثار کو مٹانے کی سازش کررہا ہے کہ مگر دشمن کی یہ تمام چالیں بری طرح ناکام ہوں گی۔خیال رہے کہ فلسطین میں قابض یہودی شرپسندوں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر دھاووں کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر یہودی اشرارمسجد اقصیٰ پر دھاوے بولتے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کے مرتکب ہوتے ہیں۔