(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی نیوی نے فلسطینی ماہی گیروں پر اس وقت بلااشتعال فائرنگ شروع کردی جب وہ اسرائیل کی مقررکردہ سمندری حدود میں مچھلی کے شکار میں مصروف تھے۔
فلسطینی ماہی گیروکی یونین کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی نیوی نے محصور غزہ کے شمالی مشرقی علاقے الشجاعیہ میں فلسطینی ماہی گیروں پر اس وقت بلا اشتعال فائرنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا جب وہ اسرائیل ہی کی جانب سے مقررکردہ تین نا ٹیکل مائل کی سمندری حدود میں مچھلی کے شکار میں مصروف تھے۔
بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج نے براہ راست ماہی گیروں پر فائرنگ کی لیکن خوش قسمتی سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تاہم ماہی گیروں کی تین کشتیاں مکمل تباہ ہوگئیں۔
واضح رہے کہ غزہ گزشتہ تیرا سالوں سے اسرائیل کی جانب سے غیر قانونی محاصرے کا شکار ہے ، جبکہ اسرائیلی حکام نے فلسطینی ماہی گیروں کو تیرا ناٹیکل مائل کی سمندری حدود میں شکار کی اجازت دی تھی لیکن پھر اس کی حدود کو کم کرکے تین ناٹیکل مائل کردی تھی اور اب اس مقررہ حدود میں بھی فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کی جاتی ہے ۔