(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)مقبوضہ فلسطین کے محصورشہر غزہ میں حق واپسی کے لیے جدو جہد کرنے والے فلسطینیوں کی احتجاجی ریلیوں کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر اسرائیلی فوج کا تشدد معمول بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح نماز جمہ سے قبل حق واپسی مارچ کی کوریج کرنےو الے فلسطینی صحافی متعصم الحیات کو صیہونی فوج کے سپاہیوں نے اس وقت بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ غزہ کے پرامن شہریوں کی جانب سے اپنی زمین پر قبضے کے خلاف مظاہرے کی کوریج کررہے تھے ۔
واضح رہے کہ پرامن حق واپسی مارچ تیس مارچ دوہزار اٹھارہ سے غزہ پٹی میں یوم الارض کی مناسبت سے شروع ہوا اور اب تک جاری ہے۔ تیس مارچ دوہزار اٹھارہ سے اب تک تین سو پچاس فلسطینی صیہونی فوجیوں کی براہ راست فائرنگ میں شہید اور کم سے کم اکتیس ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔ فلسطینی تیس مارچ انیس چھیہتر میں اپنی زمینوں پر صیہونی حکومت کے قبضے کی یاد میں یوم الارض مناتے ہیں اور ہر سال تیس مارچ کو مظاہرے کرتے ہیں۔صیہونی حکومت فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ کر کے اور ان پر یہودی کالونیاں تعمیر کر کے فلسطین کے جغرافیا کو تبدیل اور اس علاقے کو یہودی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے تاکہ فلسطینی علاقوں میں اپنا قبضہ مضبوط بنا سکے ۔