(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور اس کے نام نہاد ادارے اور یہودی تنظیمیں سب مل کر مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مکانی تقسیم کی سازشیں کررہے ہیں فلسطینی آخری سانس تک قبلہ اول کا دفاع کریں گے۔
قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے رکن ماہر عبید نے مسجد اقصیٰ پر شرپسند یہودی آبادکاروں کی صیہونی سیاسی شخصیات اور فوج کے حفاظتی حصار میں مسجد اقصیٰ اور دیگر مقدس مقامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اور اس کے نام نہاد ادارے اور یہودی تنظیمیں سب مل کر مسجد اقصیٰ کی زمانی اور مکانی تقسیم کی سازشیں کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پوری مسلم امہ اور عرب ممالک نے مسجد اقصیٰ کی یہودیوں اور فلسطینیوں میں زمانی اور مکانی تقسیم کی سازشوں کو مسترد کردیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہودی اپنے مذہبی تہوار ‘یوم کپور’ کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں گھس کرمسلمانوں کے مقدس مقامات کی بے حرمتی کررہے ہیں ، تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادا ئیگی کے دوران اشتعال انگیز اقدامات کررہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں ۔
ماھر عبید نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کےساتھ اپنا تعلق مضبوط بنائیں اور فلسطینی مقدسات کے دفاع کے لیے کوششیں تیز کریں۔حماس رہ نما نے عرب ممالک، عالم اسلام اور زندہ ضمیر عالمی برادری کی توجہ مسجد اقصیٰ کے خلاف صہیونی ریاست کی یلغار کی طرف متوجہ کراتے ہوئے دفاع قبلہ اول کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پرزور دیا۔
خیال رہے کہ گذشتہ تین روز کے دوران مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے دھاووں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہودی آباد کار عید غفران یا یوم کپور نامی تہوار کی آڑ میں مسجد اقصیٰ میں گھس کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات کی ادائی کا اشتعال انگیز سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔