(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی صدر محمود عباس نے مرکزی الیکشن کمیشن کوملک میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
محمود عباس کا کہنا کہ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات چند ماہ کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ‘فیس بک’ پر صدر عباس کی طرف سے پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے حکومت اور تمام متعلقہ اداروں کو انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
محمود عباس نے اتوار کی شام اعلان کیا کہ حماس اور تمام تنظیموں کے ساتھ اگلے عام انتخابات کی تیاری کے لیے بات چیت کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے فتح کی سنٹرل کمیٹی اور ‘پی ایل او’ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رام اللہ میں ایک اجلاس سے خطاب میں کہا کہ بہت سے امور پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ ہم حماس اور دوسری جماعتوں سے مزید بات چیت بھی کریں گے۔
محمود عباس نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن، حماس ، دیگر تمام تنظیموں کے ساتھ ساتھ اسرائیلی حکام کے ساتھ بھی بات چیت کے لیے دو کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں تاکہ ان کے اعتراضات کو دور کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ فلسطین میں اس سے قبل سنہ 2006ء پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے جن میں حماس نے اکثریت حاصل کی تھی۔ 2007ء میں تحریک فتح اور حماس کے درمیان قومی حکومت کی تشکیل پر اختلاف پیدا ہوا اورحماس نے فوجی طاقت کے ذریعہ غزہ کی پٹی پر کنٹرول حاصل کرلیا تھا جب کہ غرب اردن میں تحریک فتح کی نگرانی میں حکومت قائم ہے۔