(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین پر قابض صیہونی ریاست کے مظالم کےخلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ نے ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک میں مزاحمتی تنظیم القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن مسلمان ممالک کی با صلاحیت شخصیات اور رہ نماؤں کو قتل کرکے مسلم امہ کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کےقتل کی سازش سے ایران اور فلسطینی قوم سے دشمنی کی بو آتی ہے، صہیونی دشمن مسلم امہ کے تمام مراکز اور دستوں کو گرانا چاہتی ہے تاکہ اس کی توسیع پسندی کا مقابلہ کرنے والے ممالک اور قوتیں دم توڑ جائیں۔
واضح رہے کہ ایرانی انٹیلی جنس سروس نے القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کی سراغرساں تنظیم کے سربراہ حسین تائب نے میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش کا انکشاف کیا ہے اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ سازش ’’اسرائیلی ، عرب‘‘ انٹیلی جنس سروسز نے تیار کی تھی۔حسین تائب نے کہا کہ قاسم سلیمانی کو ایران کے جنوب مشرقی صوبہ کرمان میں محرم الحرام کے دوران میں ایک شیعہ اجتماع میں شرکت کے موقع پر قتل کرنے کی سازش تیار کی گئی تھی۔