(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) "فلسطین” پر قابض صیہونی ریاست کی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے دوفلسطینیوں کے جسد خاکی کو گزشتہ روز سپردخاک کردیا گیا ۔
قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے دو فلسطینیوں کو گزشتہ روز ان کے آبائی علاقوں "غرب اردن” کے نابلس اور غزہ میں سپرد خاک کیا گیا۔مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال کے علاقے "نابلس” کے عوام نے 36 سالہ شہید "محمد فوزی عدوی” کے جسد خاکی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے "بلاطہ پناہ گزین کیمپ "کے شہداء کے قبرستان سپرد خاک کیا۔اسرائیلی حکام نے محمد فوزی عدوی کو رواں سال 21 جنوری میں "حوارہ چوکی "سے گزرتے ہوئے گولیاں مار کر شہید کردیا تھا اور اس کے بعد اس کا جسد خاکی قبضے میں لے لیا تھا، صیہونی فوج نے شہید محمد فوزی عدوی کا جسد خاکی 9 ماہ بعد ورثاء کے حوالے کیا ہے ۔
دوسری جانب سینکڑوں فلسطینیوں نے ہفتے کے روز جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کی مشرقی سرحد کے قریب "حق واپسی اور محاصرے کو توڑنے” کیلئے کئے جانے والے احتجاج کے دوران اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بیس سالہ فلسطینی نوجوان "ساھرعبداللہ عثمان” کو بھی گزشتہ روز رفاح کے علاقے میں شہداء قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔