(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) "مقبوضہ فلسطین” کی تعلیمی ضروریات، بہبود اور بحالی کیلئے "سعودی عرب” کی جانب سے 50 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
نیویارک میں "اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی” کے موقع پر ‘یو این آر ڈبلیو اے’ کے کمشنر جنرل "پیری کرینبھل” سے ملاقات کے دوران سعودی عرب کےقائم مقام وزیر خارجہ "ابراہیم بن عبد العزیز” العساف نے 2019ء کے لیے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کی ذمہ دار اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے مرکزی بجٹ میں 50 ملین ڈالر کا عطیہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب فلسطینی پناہ گزینوں کی مالی امداد کے لیے ایک مضبوط سیاسی اور مالی مددگار کی پالیسی پرقائم رہے گا۔
اس موقع پر’اونروا’ کے کمشنر جنرل نے سعودی عرب کی طرف ایجنسی کو مالی امداد فراہم کرنے کیے اعلان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو این ریلیف ایجنسی 5.5 ملین فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود اور کفالت کی ذمہ داری انجام دے رہی ہے جو عالمی برادری کی طرف سے فراہم کردہ امداد پر چلتی ہے۔
‘اونروا’ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے تجدید شدہ اور فراخدانہ عطیہ ہماری ایجنسی کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ امداد ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب ہم نئے تعلیمی سال کے آغاز کی تیاری کر رہے ہیں ، ہم نے ‘یو این آر ڈبلیو اے’ کے درجنوں اسکولوں کو سعودی فنڈ سے بحال کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے عطیہ کردہ رقم سے 5 لاکھ 32ہزار فلسطینی طلباء کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔