(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) "انتظامی قید کی پالیسی” کے تحت "صیہونی زندان” میں زندگی کے 15 سال گزارنے والے فلسطینی کو گزشتہ روز رہا کردیا گیا۔
اطلاعات کےمطابق جمعرات کو اسرائیلی حکام نے ایک فلسطینی شہری کو مسلسل 15 سال قید میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا۔ غرب اردن کے شمالی شہر "جنین” سے تعلق رکھنے والے "زعل عباھرہ” کو آج سے پندرہ سال قبل ان کے آبائی علاقے "الیامون "سے حراست میں لیا گیا تھا۔فلسطینی شہری کو اس کی قید کی سزا مکمل ہونے کے بعد جزیرہ نما النقب کی جیل سے رہا کر کے الخلیل شہر لایا گیا جہاں سے اسے اس کے اہل خانہ کے سپرد کیا گیا۔
اس موقع پراس کے گھرمیں اہل خانہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد جمع ہوئی جہاں اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر اسیر عباھرہ نے کہا کہ ان کی خوشی اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتی جب تک تمام فلسطینی قیدی اسرائیلی زندانوں سے رہا نہیں ہوجاتے۔