(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین پر قابض صیہونی ریاست کی مظلوم فلسطینیوں پر مظالم جاری جبکہ دوسری جانب یہودی آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی بھی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے ۔
گزشتہ روز درجنوں غیرقانونی یہودی آبادکاروں نے پولیس اور فوج کے حفاظتی حصار میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا ، یہودی آباد کاروں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ پر دھاوے بولنے والوں میں اسرائیلی اسپیشل فورسز کے اہلکار بھی شامل تھے جو سنہ 1967ء سے زیرقبضہ مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مقدس مقام کی ایک گھنٹے تک بے حرمتی کرتےرہے۔
خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے منظم دھاووں کا سلسلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ یہودی انتہا پسند گروپ ہیکل سلیمانی کے مزعومہ دعوے کی آڑ میں مراکشی دوازے سے مسجد اقصیٰ میں جاتے اور باب السلسلہ سے واپس جاتے ہیں۔ یہ سلسلہ روز مرہ کی بنیاد پر جاری رہتا ہے۔