(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی کے دوران خاتون سمیت متعدد فلسطینیوں کوگرفتارکرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔
فلسطین پر قابض صیہونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل سمیت دیگر علاقوں میں گھر گھر تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں پر دھاوا بولااور روایتی لوٹ مار اور توڑپھوڑ کرنے کے ساتھ رہائشیوں کو ذدکوب کیا اور خواتین سمیت کم سے کم 20 فلسطینیوں کو گھروں سے اغواء کرکے نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا۔
فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کے مطابق ، صیہونی فوج نے بیت کاحل کے مقام پر تلاشی کے دوران بسام عطیہ الزھور، ان کا بیٹا امیر، عمر محمود عصافرہ اورمناصر محمود ابوریش کو اغواء کیا ،شمالی الخلیل میں العروب پناہ گزین کیمپ میں تلاشی کے دوران محمد جمال ابو سل کو اغواء کیا ، جنوبی الخلیل میں الفوار کیمپ میں تلاشی کے دوران سابق اسیر سامی جنازرہ کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈالا گیا۔دوسری جانب غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں قابض فوج نے بیت فجار کے مقام سے ایاد طقاطقہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔شمالی شہر نابلس میں 59 سالہ سابق اسیر احمد نبھان صقر کو حراست میں لیا گیا۔ خلہ العامود کے مقام سے حسام الغنمہ اور بلاطہ البلد کے مقامات سے مہند سلامہ اور محمد مسعود دویکات کو گرفتار کیا گیا۔قابض فوج نے شمالی شہر عصیرہ میں سابق اسیر انس حمادنہ کے گھر پر چھاپے مارے۔ شمالی شہر سلفیت میں محمود عبدالرئوف کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔