(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی زندانوں میں "انتظامی قید” کی پالیسی اور جیل میں کینسر کا باعث بننے والے جیمرزکی تنصیب کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے 39فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال تاحال جاری ہے ۔
مقبوضہ فلسطین میں قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کے بدنام زمانہ "رامون جیل "میں مزید 10 فلسطینی قیدیوں نے بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے جس کے بعد رواں ہفتے احتجاجا بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 39 ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز فلسطینی اسیران تحریک نے کینسر کا باعث بننے والے جیمرزجیلوں میں نصب کرنے کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کردی تھی۔ بھوک ہڑتالی قیدیوں میں کئی سرکردہ اسیر رہ نما بھی شامل ہیں۔
ان میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے محمد عرمان، عثمان بلال، عباس السید، اشرف ازغیر، معمر الشیخ اور احمد القدرہ شامل ہیں۔جمعرات کے روز رامون جیل میں قید فلسطینیوں نے جیمرز کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ اس نئی احتجاجی تحریک میں 120 اسیران نے شمولیت کا اعلان کیا ہے جن میں اب تک 39 بھوک ہڑتال شروع کر چکے ہیں۔