(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں حق واپسی کے لئے احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین پر قابض صیہونی فوج کی فائرنگ سے2 خواتین 18 بچوں ایک صحافی اور 2 پیرامیڈکس سمیت 87 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ جمعہ کی شام غزہ اور اسرائیلی سرحد پر حق واپسی کیلئے پرامن احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کو منتشر کرنے کیلئے صیہونی افواج نے آنسوگیس کے شیل ربر کوٹڈ اسٹیل بلٹ اور براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 87 فلسطینی زخمی ہوگئے جس میں سے 20 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
طبی ذرائع سے حاصل معلومات کے مطابق زیادہ تر مظاہرین کی حالت آنسو گیس کی وجہ سے غیر ہوئی جن کو سانس لینے میں دشواری کی شکایت تھی جبکہ 44 کو براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے ، قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے خلاف بڑی مشین گنوں کا استعمال کیا ۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018 سے غزہ میں ہر جمعہ کے روز غزہ اسرائیل سرحد سمیت مختلف مقامات پر حق واپسی ریلیاں نکالی جاتی ہیں جس کے خلاف قابض صیہونی فوج طاقت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے ہر ہفتے سیکڑوں فلسطینوں کو شہید اور زخمی کردیتی ہے ۔
30 مارچ 2018ء سے جاری اس تحریک کےآغاز سے اب تک تین سوسے زاید فلسطینی شہید اور 31 ہزار سے زاید زخمی ہو چکے ہیں۔