(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )امریکی ایوان نمائندگان کی دو مسلمان خواتین ارکان ایلہان عمر اور رشیدہ طالب نےامریکی شہرسینٹ پال میں مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک بار پھر صہیونی ریاست کے ذریعے ان کے دورہ مقبوضہ فلسطین پر روک لگائے جانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان کی دو مسلمان خواتین ارکان ایلہان عمر اور رشیدہ طالب نے ریاست مینے سوٹا کے شہر سینٹ پال میں مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک بار پھر صہیونی ریاست کے ذریعے ان کے دورہ مقبوضہ فلسطین پر روک لگائے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
ایلہان عمر نے اس پریس کانفرنس میں کہا کہ جب فلسطینی ہم سے مدد کی اپیل کررہے ہیں تو اسرائیل کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ ہمیں اس کام سے روکے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی مذکورہ مسلمان خاتون رکن نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اپنا جارحانہ اور تشدد پسند چہرہ چھپا سکیں۔
امریکی ایوان نمائندگان کی ایک اور مسلمان رکن رشیدہ طالب نے بھی الزام عائد کیا کہ نتن یاہو نے ٹرمپ کے کہنے پر ہمیں مقبوضہ فلسطین کا دورہ کرنے سے روکا ہے۔
یاد رہے کہ دو ماہ قبل امریکی کانگریس کی دو خواتین ارکان نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فلسطین کے دورے کا اعلان کیا تھا تاہم گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ان کو دورے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔