(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبررساں ادارہ ) ارض فلسطین کے کسی حصے پرغاصب دشمن کا قبضہ قبول نہیں، حق واپسی کے حصول تک فدائی حملوں سمیت تمام مزاحمتی طریقے استعمال کریں گے
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کےخلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن اور سابق فلسطینی وزیرخارجہ ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا کہ فلسطینی قوم وطن کی آزادی اور حق واپسی کے حصول تک فدائی حملوں سمیت تمام مزاحمتی طریقے استعمال کریں گے نوجوانوں کی جانب سے غاصب دشمن کے خلاف مزاحمت اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینی قوم کی نئی نسل کو بھی اپنے وطن پردشمن کا غاصبانہ قبضہ کسی صورت قبول نہیں ۔
انھوں نے کہا کہ جمعہ کے روز غرب اردن میں یہودی کالونی کے قریب بم حملہ اور ایک غاصب خاتون فوجی کی ہلاکت فلسطینی قوم کے رد عمل کا اظہار ہے۔
خیال رہے کہ غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں ایک بم حملے کے نتیجے میں ایک خاتون فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔
حماس رہ نما ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا کہ فلسطینی قوم مزاحمت کے وسائل میں جدت لانے کی کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے غزہ کٹی میں جاری حق واپسی ریلیوں کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم آزادی اور حق واپسی کے حصول تک اپنی جدو جہد جاری رکھے گی۔