(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد فلسطینی حجاج کرام کے قافلے حجاز مقدس سے واپسی فلسطین پہنچنا شروع ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حج جیسے مقدس فریضے کی ادائیگی کے بعد فلسطینی حجاج کرام کے واپس فلسطین پہنچنے کا عمل شروع ہوگیا ہے اورکل فلسطینی حاجیوں کا پہلا قافلہ سعودی عرب سے براستہ مصر غزہ پہنچ گیا ہے ۔
مقامی ذرائع کے مطابق گذشتہ روز 800 حجاج کرام کا قافلہ مصر کے راستے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں داخل ہوا۔مقامی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جمعرات کے روز فلسطینی حجاج کرام کا قافلہ غزہ پہنچا جب کہ ان کا سامان مصر میں روک لیا گیا تھا جسے بعد میں غزہ میں حجاج کرام کے پاس بھیجا گیا۔
یاد رہے کہ فلسطینی حاجیوں کو سعودی عرب روانگی کے لیے مصر کے شہر قاہرہ کے ائیرپورٹ استعمال کرنا پڑتا ہے۔